20/12/2023
عظمیٰ گیلانی پاکستان شوبز انڈسٹری کا بہت بڑا نام ہیں، پاکستان ٹیلی ویژن کی تجربہ کار اداکارہ کرداروں کا انتخاب انتہائی چھان پھٹک کر کرتی ہیں، ان کا کیریئر 45 سال پر محیط ہے، جس کی شروعات پی ٹی وی ڈراموں سے کی، انکی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ دیا، تاہم سینئر اداکارہ گزشتہ کافی عرصہ سے منظر سے غائب تھیں اور حال ہی میں انہوں نے اپنی نئی تصاویر جاری کی ہیں۔
عظمیٰ گیلانی اپنے ننھیال میرٹھ میں 1945 کو پیدا ہوئیں تاہم آپ کے ددھیال کا تعلق دہلی سے ہے۔ اُن کے والد ریاست بہاولپور کے ایک بارسوخ فرد تھے۔ پہلے بہاول پور میں قیام پذیر رہیں پھر شادی کے بعد لاہور منتقل ہوئیں اور اب آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں مقیم ہیں۔
انہوں نے ڈرامہ سیریل ’قلعہ کہانی‘ سے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا جبکہ اشفاق احمد کی مقبول ڈراما سیریز ’ایک محبت سو افسانے‘ کے کھیل ’نردبان عرفان‘ میں انہیں بہترین اداکارہ کے اعزاز سے نوازا گیا۔مقبول ڈرامے ’وارث‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
بلاشبہ عظمیٰ گیلانی پاکستانی شوبز انڈسٹری کا بہت بڑا نام ہیں، ان کے بغیر پاکستانی اردو ڈرامے کی تاریخ نامکمل ہے اور پاکستان شوبز انڈسٹری کی لازوال اداکارہ عظمیٰ گیلانی نے ان دنوں آسٹریلیا کے دارالحکومت سڈنی کے مضافاتی علاقے پیراماؤنٹ میں مقیم موسمِ گرما سے لطف اندوز ہو رہی ہیں۔